قائدآبادمیں گٹکا اور ایرانی تیل فروخت کرنے والوں کے خلا ف کاروائی چھ ملزمان گرفتار
قائد آباد میں ٹاسک فورس نے گٹکا فیکٹری اور ایرانی اور تیل فروخت کرنے والوں کے خلاف چھاپہ مارکارروائیوں کے دوران گٹکا فیکٹری کے 2 مالکان اور ایرانی تیل کی فروخت میں ملوث 4 ملزموں کو گرفتارکرکے بھاری تعداد میں گٹکا ماوا اور ایرانی تیل برآمد کرلیا، ایس ایچ او قائد آباد کیخلاف رپورٹ حکام کو ارسال کر دی گئی۔ ایس پی صدر عتیق الرحمن کی سربراہی میں ٹاسک فورس نے قائد آباد تھانے کی حدود شیر پاؤ کالونی حسینی چوک کے قریب ایک گٹکا فیکٹری پر چھاپہ مار کر گٹکا فیکٹری کے دو مالکا ن محمد زادہ اور انس کو گرفتارکرکے فیکٹری سے 138 پیکٹ میو ماواوزنی ساڑھے نو کلو، 108 پڑیاں گودھراماوا وزنی سواسات کلو،اور رجنی گٹکا کے پیکٹ برآمد کرلیے،جبکہ فور س نے شیر پاؤ کالونی حسینی چوک نزد مسجد اقصی کے قریب ایرانی تیل فروخت کرنے والے 4 ملزمان وحید، انعام، عالمگیراور نعمان کو گرفتارکرکے قبضے سے 25 لیٹرایرانی تیل برآمد کرلیا،پولیس حکام کے مطابق چھاپہ اسپیشل برانچ کی نشاندہی پر ایس پی صدر کی سربراہی میں مارا گیا، گٹکا فیکٹری عرصہ دراز سے متعلقہ پولیس کی سرپرستی میں چلائی جا رہی تھی،پولیس ذرائع کے مطابق ٹاسک فورس نے ایس ایچ او قائد آباد کیخلاف رپورٹ حکام کو ارسال کر دی ہے ۔