اسٹیل ٹاؤن میں فائرنگ سے پولیس اہلکار قتل اسکی بیوی زخمی ہوگئی
اسٹیل ٹاون میں واقع اسٹیل ملزکے فلیٹ میں گھس کر ملزم نے اندھادھند فائرنگ کردی،گولیاں لگنے کے نتیجے میں پولیس اہلکار ہلاک اور اس کی اہلیہ زخمی ہوگئی،ملزم مقتول کا رشتے دار ہے ،قتل ذاتی دشمنی کا نتیجہ بتائی جاتی ہے، مقتول چار بچوں کا باپ تھا،رات گئے نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقتول کو آہوں سسکیوں میں درسانو چنہ قبرستان میں تدفین کردی گئی ۔تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاون تھانے کی حدود اسٹیل ٹاون بلاک اے ہفتہ وار بازار کے قریب واقع اسٹیل ملز کے فلیٹوں کے بلاک 202 میں قائم فلیٹ نمبرA12 میں نامعلوم ملزم نے پیر کی دوپہردو بجکر 20 منٹ کے قریب داخل ہوکراندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے فرارہوگیا،گولیاں لگنے کے نتیجے میں 40 سالہ خمیسوجوکھیو ہلاک اور ا س کی اہلیہ30 سالہ رئیسہ بیگم زخمی ہوگئی،اطلاع ملنے پرپولیس اور فلاحی ادارے کے رضا کار موقع پرپہنچے اور مقتول کی لاش اور زخمی خاتون کو علاج معالجے کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا،ہیڈ محرر جمیل کے مطابق مقتول اہلکار اسٹیل ٹاون تھانے میں تعینات تھا جو 2 روزقبل ہی تھانہ میمن گوٹھ سے اسٹیل ٹاون میں تعینات ہوا تھا،اور رات کی ڈیوٹی کرکے گھر گیا تھا،ہیڈمحرر کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ،جبکہ فائرنگ کرنے والا ملزم ثاقب مقتول پولیس اہلکار خمیسو کا رشتہ دار اورجوکھیو برادری سے تعلق رکھتا ہے ،جو موقع سے فرارہوگیا،مقتول پولیس اہلکار خمیسو جوکھیو 4 بچوں کا باپ تھا،جبکہ مقتول کی نمازجنازہ رات گیارہ بجے اسٹیل ٹاون کی مقامی مسجد میں اداکی جائے گی اور آہوں سسکیوں میں درسانوچنہ قبرستان میں تدفین کی جائے گی ،تاہم پولیس دن دیہاڑے رونما ہونے والے قتل کا مقدمہ درج نہیں کرسکی،دوسری جانب ایس ایس پی ملیر نے واقعہ سے متعلق نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں،جسے جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹھرے میں لایا جائے گا۔