: کورنگی کریک میں 18 روز بعد بجھنے والی آگ دوبارہ بھڑکا دی گئی
*کراچی: کورنگی کریک میں 18 روز بعد بجھنے والی آگ دوبارہ بھڑکا دی گئی*
کراچی کے علاقے کورنگی کریک میں 18 روز بعد بجھنے والی آگ کو دوبارہ بھڑکادیا گیا، ماہرین کا کہنا ہے کہ گیس کو فضا میں پھیلنے سے روکنے کے لیے دوبارہ آگ لگائی گئی ہے۔
کراچی کے علاقے کورنگی کریک میں 18 روز بعد بجھنے والی آگ کو حفاظتی نقطہ نظر کے تحت دوبارہ بھڑکا دیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گیس کو فضا میں پھیلنے سے روکنے کیلئے ماہرین کی نگرانی میں محفوظ طریقے سے دوبارہ لگائی گئی جبکہ علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کردیے گئے ہیں جبکہ فائر برگیڈ کا عملہ بھی مقام پر موجود ہے۔
پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سکندر میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فضا میں گیس کا اخراج روکنے زیر زمین موجود ذخیرے کو ختم کرنے کے لیے ماہرین کی نگرانی میں آگ لگائی گئی ہے۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آگ کا مشاہدہ کرنے یا ویڈیوز بنانے کے لیے علاقے کا رخ کرنے سے گریز کریں، گیس کی قسم کے تعین سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ فی الحال یہ نہیں بتایا جاسکتا کہ زمین سے کون سے گیس خارج ہورہی ہے، گیس کا زیر زمین ذخیرہ ختم ہونے اور آگ بجھنے کے بعد ہی گیس کی نوعیت کا تعین کیا جاسکے گا۔