سی ٹی ڈی کی کاروائی حساس ادارے کے اہلکار ظاہر کر کے اغوا برائے تاوان میں ملوث چار ملزمان گرفتار
سی ٹی ڈی ، ایف آئی اے اور حساس ادارے کا اہلکار ظاہر کرکے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث گروپ کے چار ملزمان کو سی ٹی ڈی نے گرفتار کرلیا۔ ملزمان شہریوں کو اغوا کرکے اسٹیل ٹاون کے علاقے میں لے جاتے تھے۔ سی ٹی ڈی انٹیلی جنس ونگ نے ایک کارروائی کے دوران صدر پارکنگ پلازہ کے قریب سے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا
گرفتار ملزمان میں امتیاز عرف سلمان، عبید عرف آبی، شاہد عرف موسی اور سلیم شامل ہیں،
ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز، تین پستول، واکی ٹاکی، ہتھکڑی ، سیاہ رنگ کی ویگو جس پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگی تھی برآمد ہوئی، ملزمان نے چار اپریل کو پی آئی بی کالونی سے اسماعیل کو اغوا کرکے اس سے بٹ کوائن کے بارے میں معلومات لیں اور دھمکیاں دے کر رقم بعد میں لینے کا کہہ کر چھوڑ دیا
20 اپریل کو ملزمان نے ہجرت کالونی سے فیصل کو اغوا کیا اور اس کے اے ٹی ایم اور ایزی پیسہ سے پانچ لاکھ روپے نکلوا کر اس کو شاہراہ قائدین پر چھوڑ دیا۔ تیسری واردات میں ملزمان نے اورنگی ٹاون میں ایک فیکٹری میں جا کر کسٹم اور دیگر محکموں کے حوالے سے بلیک میل کرکے سات لاکھ روپے وصول کیے.ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے.