بزرگ شہری پر پولیس تشدد، تین اہلکار معطل، ڈی آئی جی ساؤتھ کی انصاف کی یقین دہانی

0

بزرگ شہری پر پولیس تشدد، تین اہلکار معطل، ڈی آئی جی ساؤتھ کی انصاف کی یقین دہانی

 صدر کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے بزرگ شہری پر مبینہ تشدد کے واقعے کے بعد ڈی آئی جی ساؤتھ نے متاثرہ شہری سے اپنے دفتر میں ملاقات کی ان سے معلومات لی اور ان سے مکمل ہمدردی اور تعاون کا اظہار کیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے متاثرہ شہری کو یقین دلایا کہ انہیں مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا اور زیادتی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے واقعہ میں ملوث تینوں اہلکاروں کو کوارٹر گارڈ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ ایس ایچ او کو بھی طلب کر تے ہوئے ان کے خلاف محکمانہ کاروائی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ پولیس عوام کی محافظ ہے، پولیس کی ذمہ داری عوام سے خوش اسلوبی اور عزت کے ساتھ پیش آنا ہے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ غیر انسانی سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے اہلکار جو اس قسم کے شرمناک رویے کا مظاہرہ کرتے ہیں، انہیں محکمہ پولیس میں خدمات انجام دینے کا کوئی حق حاصل نہیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے ایس ایس پی ساؤتھ کو ھدایات جاری کی کہ ملوث اھلکاروں کے خلاف ناروا سلوک اور بھتہ خوری کے سیکشن کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو اگر پولیس کے حوالے سے کوئی شکایت ہو تو وہ بلا جھجک متعلقہ حکام سے رابطہ کریں تاکہ فوری اور مؤثر کارروائی کی جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.