ضلع کیماڑی پولیس کی لیاری گینگ وار کے کارندوں کے منشیات کے اڈے پہ چھاپا 13 گرفتار بھاری مقدار میں منشیات برامد
کراچی ضلع کیماڑی اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل نے ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کی خصوصی ہدایات پر پرانا گولی مار، جدگال چوک نزد ندی کنارہ میں خفیہ اطلاع پر رات گئے ایک منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار ریاست جدگال اور نعیم ڈاڈا گروپ سے تعلق رکھنے والے 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی سب انسپکٹر راجہ خالد محمود کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی، جس میں پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر اچانک چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران 12 مرد ملزمان اور ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا، جب کہ ایک ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
چھاپے کے دوران اڈے سے بڑی مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد کیا گیا، جن میں 45 کلو چرس، 2 کلو کرسٹال، 4 کلو کیمیکل، 1 کلو ہیروئن، 30 اعلیٰ کوالٹی کے کوکین کے کیپسول، 13 غیرقانونی پستول، ایک کیمیکل مکسچر مشین اور ایک لاکھ روپے کیش شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان میں محمد نعیم عرف ڈاڈا، محمد ریاض، فضل، کبیر عرف جھینگو، مزمل، محمد شاہد، مرمل احمد، محمد یونس، حارث، صالح محمد عرف سلو، محمد احسان، راقب اور ایمان زوجہ مزمل شامل ہیں۔ فرار ہونے والے ملزم کی شناخت اکرم کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ تمام افراد لیاری گینگ وار کے سرگرم کارندے ہیں اور ریاست جدگال و نعیم ڈاڈا گروپ کے لیے کام کر رہے تھے۔ گروہ کی قیادت بیرون ملک بیٹھا یاسر نامی شخص کر رہا ہے، جس کے احکامات پر مقامی کارندے کارروائیاں انجام دیتے ہیں۔
مزید تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مزمل اور ایمان میاں بیوی ہیں جو منشیات کی سپلائی اور اسلحہ کی ترسیل میں ملوث ہیں۔ یہ منشیات کراچی کے مختلف علاقوں سے پیکنگ کروا کر پرانا گولی مار کے اڈے تک پہنچاتے اور وصول شدہ رقم نعیم ڈاڈا تک پہنچاتے تھے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں، جن میں اقدام قتل کے دو مقدمات تھانہ پاک کالونی میں بھی شامل ہیں۔
ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ ضلع میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہر کو منشیات و اسلحہ مافیا سے پاک کرنے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔
—