ضیا الحسن لنجار کے گھر پر حملہ ناقابل برداشت ہے، وزیر داخلہ

0

 

 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سندھ کے علاقے مورو میں وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجارکے گھر پر قوم پرست جماعت کے مشتعل افراد کے حملے کو نا قابل برداشت قرار دے دیا۔

 

نجی ٹی وی کے مطابق وزیر داخلہ نے صوبائی ہم منصب کے گھر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ مظاہرین کا یہ فعل ناقابل برداشت ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے قانون ہاتھ میں لے کر شرپسندی کا ارتکاب کیا۔ کسی کو بھی ایسے شرپسند واقعہ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

 

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید بینظیرآباد کے ڈویژنل صدر اور وزیرداخلہ ضیاء لنجار کے گھر پر حملے کی مذمت کی۔

 

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ کے وزیرداخلہ ضیاء لنجار کے گھر پر حملہ دہشت گردی کے مترادف ہے، احتجاج کی آڑ میں شرپسندی کرنے والوں کے مذموم عزائم کھل کر سامنے آچکے ہیں۔

 

بلاول نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ صوبے میں بدامنی کے مرتکب سازشی عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.