پاکستان رینجرز (سندھ) اور سی ٹی ڈی پولیس کی کارروائی، فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گرد گرفتار

0

 

 

 

 

پاکستان رینجرز (سندھ) اور سی ٹی ڈی پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار دہشت گردوں میں نعمت اللہ عرف عابد، محمد نور عرف مانی اور صابر اللہ عرف دانیال شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

 

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان فتنہ الخوارج کے کمانڈرز رومان رئیس اور اسلام الدین گروپ سے منسلک اور عسکری تربیت یافتہ ہیں۔ ان کا کراچی میں موجودگی کا مقصد بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گرد کارروائیاں کرنا تھا۔

 

ملزم نعمت اللہ نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ 2018 میں مفتی نور ولی گروپ میں شامل ہوا، افغانستان کے شہر برمل سے عسکری تربیت حاصل کی اور وزیرستان میں کئی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ وہ 2019 اور 2021 میں گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے، اور رہائی کے بعد دوبارہ دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہا۔

 

ملزم محمد نور نے بتایا کہ وہ 2022 میں اسلام الدین گروپ میں شامل ہوا اور کراچی میں دہشت گرد کارروائیوں کے لیے اہم مقامات کی ریکی کر چکا تھا۔ وہ کمانڈر اسلام الدین سے براہ راست رابطے میں تھا اور اس کی ہدایت پر منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

 

ملزم صابر اللہ نے بھی دہشت گرد نیٹ ورک سے اپنے تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 2018 میں مفتی نور ولی گروپ میں شامل ہوا، اور 2024 میں کمانڈر اسلام الدین کی ہدایت پر کراچی میں دہشت گرد کارروائیوں کے لیے پہنچا، جہاں سے گرفتار کر لیا گیا۔

 

گرفتار ملزمان کو برآمد شدہ اسلحہ و ایمونیشن سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پاکستان رینجرز (سندھ) عوام سے اپیل کرتی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں یا دہشت گرد عناصر کی موجودگی سے متعلق کسی بھی اطلاع کے لیے قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر فوری اطلاع دیں۔ آپ کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.