ایس ائی یو کی کاروائیاں قتل منشیات سمیت دیگر جرائم میں ملوث تین ملزمان گرفتار
کراچی :ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) شعیب میمن نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں تین بڑی کارروائیوں کے دوران سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
پہلی کارروائی میں مومن آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کے قتل میں ملوث ملزم کاشف عرف شکو کو سائٹ میٹروول سے گرفتار کیا گیا۔ ایس ایس پی کے مطابق جون 2024 میں ہونے والی اس واردات کے دوران ملزمان نے گلزار نامی شہری کو اس وقت فائرنگ کرکے قتل کردیا جب اس نے ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش کی۔ واردات کے دوران کاشف نے نہ صرف گلزار بلکہ اپنے ہی ساتھی احسان کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ ملزم کاشف کا ساتھی شعیب بھی اس گروہ کا رکن ہے، جبکہ گرفتار ملزم متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
دوسری بڑی کارروائی میں پولیس نے منشیات فروش گروہ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے عبدالسجاد کو گرفتار کیا، جو ایران سے لائی گئی مہنگی ویڈھ کراچی میں فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ برآمد ہونے والی ویڈھ کی مقدار 460 گرام ہے، جس کی مارکیٹ میں مالیت ایک کروڑ 20 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل کیلیفورنیا سے اسمگل کی گئی منشیات کے خلاف بھی کارروائی کی گئی تھی، اور اب ایران سے لائی جانے والی ویڈھ کے نیٹ ورک کو توڑا جا رہا ہے۔ عبدالسجاد کا ساتھی حسنین بلوچ بھی منشیات فروشی میں ملوث ہے۔ اس کارروائی میں ایس آئی یو، مقامی پولیس اور رینجرز نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔
تیسری کارروائی میں بہادرآباد کے علاقے سے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث جنید نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور اس کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایس ایس پی شعیب میمن نے کہا کہ ایس آئی یو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، اور شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔