عید الاضحی قریب، مویشیوں کی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ

0

 

 

کراچی — عید الاضحی کی آمد کے ساتھ ہی شہر کراچی میں قربانی کے جانوروں کی چوری اور لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گلشن معمار اور اورنگی ٹاؤن میں پیش آنے والے دو مختلف واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔گلشن معمار: جعلی خریداروں نے بیوپاری کو لوٹ کر زخمی کر دیا۔ گلشن معمار تھانے کی حدود میں ایک بکروں کے بیوپاری کو جعلی خریداروں نے لوٹ کر زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق دو افراد خریدار بن کر آئے اور بیوپاری سے کہا کہ رقم راستے میں کسی دوسرے مقام پر دی جائے گی۔ بیوپاری ان کے ساتھ گاڑی میں بیٹھ گیا، جس میں بکرے بھی لوڈ کر دیے گئے۔

 

کچھ فاصلے پر ڈاکوؤں نے بیوپاری پر تشدد کیا اور اسے گاڑی سے دھکا دے کر نیچے پھینک دیا۔ ملزمان مویشیوں سمیت موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی بیوپاری کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

 

 

ادھر اورنگی ٹاؤن کے علاقے پاکستان بازار میں گائے چوری کا ایک کیس حل کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم آصف خواجہ نے شہری سید اسامہ کے گھر کے باہر سے قربانی کی گائے چوری کی تھی۔ شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صرف تین گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کر کے گائے برآمد کر لی۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ہے کہ اس کے دیگر ساتھیوں کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

 

شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ مویشی منڈیوں، رہائشی علاقوں اور خرید و فروخت کے مقامات پر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ عید کے موقع پر اس قسم کی وارداتوں کا سدباب ہو سکے۔

 

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.