پولیس اہلکاروں کا مکروہ چہرہ بے نقاب، تاوان کے لیے شہری اغوا کرنے والے 5 اہلکار گرفتار
کراچی — ملیر کینٹ پولیس کی خفیہ اور بروقت کارروائی، خواجہ اجمیر نگری تھانے کے اے وی ایل سی دفتر پر چھاپہ، اغوا برائے تاوان میں ملوث 5 پولیس اہلکار گرفتار، مغوی شہری بازیاب۔
تفصیلات کے مطابق، مدد علی ولد محمد سومر نامی شہری، جو کہ بلاول جوکھیو گوٹھ کا رہائشی ہے، گزشتہ رات گھر کے قریب سے پراسرار طور پر لاپتا ہوا۔ اہل خانہ کی جانب سے فوری اطلاع پر تھانہ ملیر کینٹ نے حرکت میں آتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔
تحقیقات کے دوران سامنے آیا کہ شہری کو پولیس وردی میں ملبوس اہلکاروں نے اغوا کیا اور اس کی رہائی کے عوض اہل خانہ سے لاکھوں روپے تاوان طلب کیا جا رہا تھا۔ متاثرہ شہری کو کئی گھنٹوں تک غیر قانونی حراست میں رکھا گیا اور مسلسل دباؤ کا نشانہ بنایا گیا۔
ملیر کینٹ پولیس نے خفیہ اطلاعات پر خواجہ اجمیر نگری تھانے کے اے وی ایل سی دفتر پر چھاپہ مارا اور پانچ پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا، جن کی شناخت کانسٹیبل عبدالغفار.کانسٹیبل ریاض. سب انسپکٹر راشد علی (ڈی آئی او). کانسٹیبل خالد اور کانسٹیبل نعیم شامل ہیں ۔ ترجمان ملیر پولیس کے مطابق، گرفتار اہلکاروں نے دورانِ تفتیش تاوان کے لیے اغوا اور غیر قانونی حراست کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش بھی جاری ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ وردی کی آڑ میں جرم کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں، قانون سب کے لیے برابر ہے، اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا