کراچی: کیماڑی سے اغوا کیا گیا چار سالہ بچہ بازیاب، تین اغواکار گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) — کراچی کے علاقے کیماڑی سے اغوا کیا گیا چار سالہ معصوم بچہ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU/CIA) کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا، جبکہ اغوا میں ملوث تین ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، SIU نے 17 جولائی 2025 کو ضلع کیماڑی کے علاقے سائٹ ایریا میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چار سالہ مغوی بچے کو ایک مکان سے بازیاب کرایا۔ پولیس کے مطابق، ملزمان مغوی کے اہل خانہ سے 80 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے تھے۔
گرفتار ہونے والے گروہ کا سرغنہ جمیل الرحمن نامی شخص ہے، جو اپنی بیوی اور والدہ کے ساتھ مل کر جعلی پیری مریدی اور دم درود کی آڑ میں بچوں کو اغوا کرنے کی وارداتیں کرتا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق، یہ گروہ ماضی میں بھی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
گرفتار ملزمان کے نام:
1. جمیل الرحمن ولد عبد الرحیم
2. امیر ولد جمیل الرحمن
3. ممتاز بی بی عرف پیرانی زوجہ عبد الرحیم
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، اور اس گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔
ایس ایس پی SIU/CIA محمد شعیب میمن نے کارروائی کرنے والی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے اغوا میں ملوث عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔