اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی ہلاکت: پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زہر یا منشیات کے شواہد نہ ملے

0

کراچی : ڈیفنس کے فلیٹ سے پرسرار حالت میں ملنے والی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی ہلاکت کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پوسٹ مارٹم کے دوران لیے گئے نمونوں کی کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ تفتیشی حکام کو موصول ہو گئی ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق، جامعہ کراچی کی فارنزک لیبارٹری میں کی گئی کیمیائی جانچ کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ حمیرا اصغر کو منشیات یا زہر نہیں دیا گیا تھا۔ رپورٹ میں کسی غیر معمولی کیمیکل یا زہریلے مادے کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ شواہد کی روشنی میں قوی امکان ہے کہ حمیرا اصغر کی موت طبعی طور پر ہوئی۔ مزید یہ کہ فلیٹ سے ملنے والی لاش کی شناخت بھی مکمل طور پر حمیرا اصغر کے طور پر تصدیق ہو گئی ہے، جس کی توثیق بھائی نوید اصغر کے ڈی این اے نمونے سے مطابقت کے ذریعے کی گئی۔

 

تفتیشی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فلیٹ میں کسی دوسرے فرد کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے۔ پولیس نے مجموعی طور پر نو مختلف سیمپلز تجزیے کے لیے فارنزک لیب بھجوائے تھے، جن کے نتائج اب موصول ہو چکے ہیں۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق، کیس کی مزید تفتیش جاری ہے، تاہم اب تک کی رپورٹس حمیرا اصغر کی ہلاکت کو طبعی موت قرار دے رہی ہیں۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.