کراچی سے اغوا ہونے والا شہری گھوٹکی کے کچے سے بازیاب، ہنی ٹریپ کا انکشاف

0

— اے وی سی سی/سی آئی اے کراچی اور گھوٹکی پولیس کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں کراچی سے اغوا ہونے والا شہری محمد شعیب بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔ مغوی کو شادی کے جھانسے میں پھنسا کر ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کیا گیا تھا، جس کے عوض پچاس لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق، 9 جولائی 2025 کو کراچی کے علاقے جیکسن سے 45 سالہ محمد شعیب ولد الٰہی بخش کو اغوا کیا گیا۔ اغواکاروں نے مبینہ طور پر شادی کا جھانسہ دے کر اُسے اپنے ساتھ اندرون سندھ لے جایا، اور بعد ازاں تاوان کی ڈیمانڈ کی۔ اس واقعے کا مقدمہ نمبر 279/25 بجرم دفعہ 365A پی پی سی کے تحت تھانہ جیکسن میں درج کیا گیا، جسے مزید تفتیش کے لیے اے وی سی سی/سی آئی اے کراچی کے حوالے کر دیا گیا۔

 

ایس ایس پی اے وی سی سی/سی آئی اے کراچی اور ایس ایس پی گھوٹکی کی نگرانی میں قائم مشترکہ ٹیم نے جدید تکنیکی ذرائع اور انسانی انٹیلیجنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے مغوی کو گھوٹکی کے کچے کے علاقے سے بازیاب کرا لیا۔ تاہم اغوا میں ملوث ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش جاری ہے۔

 

بازیابی کے بعد مغوی محمد شعیب اور مدعی مقدمہ نے پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی سے ایک قیمتی جان بچ گئی۔

 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اغواکاروں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.