شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، عوام کے تعاون سے مسائل کا حل ممکن ہے، جاوئد نبی کھوسو
کراچی : گلوبل فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد احمد داؤد اور وائس چیئرمین محمد فراز موٹن نے ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی جاوید نبی کھوسو سے اہم ملاقات کی، جس میں ضلع جنوبی میں موجود مخدوش عمارتوں کو خالی کرانے، متاثرہ رہائشیوں کے مسائل، اور ان کے حل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران وفد نے ان مکینوں کی مشکلات پر روشنی ڈالی جنہیں حفاظتی اقدامات کے تحت اپنی رہائش گاہوں سے نکالا جا رہا ہے۔ وفد نے زور دیا کہ ان متاثرین کے لیے متبادل رہائش اور فوری ریلیف فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی جاوید نبی کھوسو نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے، اور کسی بھی متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا: “ہم اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھائیں گے، عوام کے تعاون سے مسائل کا حل ممکن ہے۔ متاثرین کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائے گی اور اس سلسلے میں تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔”
ملاقات میں دیگر بلدیاتی و ترقیاتی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں انفراسٹرکچر، صفائی، تجاویزات، پارکنگ اور بلڈنگ سیفٹی کے امور شامل تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ گلوبل فاؤنڈیشن جیسے سماجی اداروں کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ایسے مثبت رابطے عوامی فلاح کے لیے ضروری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی اور وفد کے مابین یہ ملاقات اس بات کی عکاس ہے کہ جب سرکاری ادارے اور فلاحی تنظیمیں ایک پلیٹ فارم پر آ کر مشترکہ اہداف کے لیے کام کرتی ہیں تو عوام کو درپیش سنگین مسائل کا دیرپا اور مؤثر حل ممکن ہو جاتا ہے۔ شہریوں کی فلاح، تحفظ اور ریلیف کے لیے اس طرح کی ہم آہنگی نہ صرف قابلِ تعریف ہے بلکہ ایک قابلِ تقلید مثال بھی ہے، جسے دیگر اضلاع میں بھی اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرتی ترقی کا عمل تیز اور مستحکم ہو سکے۔ گلوبل فاؤنڈیشن کے وفد نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرین کی آواز بلند کرتی رہے گی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوامی مفاد میں ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔