بذریعہ سڑک ایران، عراق کا سفر ممنوع قرار. وزیر داخلہ
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ رواں سال اربعین کے لیے بذریعہ سڑک ایران اور عراق جانے کی اجازت نہیں ہو گی، زائرین صرف فضائی راستے کے ذریعے جا سکیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ دفترِ خارجہ، بلوچستان حکومت اور سیکیورٹی ایجنسیوں سے طویل مشاورت کے بعد عوام کے تحفظ اور نیشنل سیکیورٹی کے پیشِ نظر یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، جس میں انہوں نے وزیرِ اعظم کو زائرین کی نئی پالیسی سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیرِ اعظم نے زائرین کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کر دی، ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتِ حال پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِاعظم نے وزیرِ داخلہ کو گوادر سیف سٹی پر کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں زائرین کی سہولت کے لیے پاکستان، ایران اور عراق نے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔
تہران میں سہ ملکی وزرائے داخلہ کی کانفرنس میں ایران اور عراق جانے والے زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئندہ سال جنوری سے پاکستانی زائرین انفرادی طور پر عراق نہیں جا سکیں گے، زائرین گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے، گروپ آرگنائزر سسٹم سے غیر قانونی طور پر عراق اور ایران جانے والوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔