اسپیشل سیکشوئل آفنس انویسٹی گیشن یونٹس (SSOIUs) کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری
کراچی: انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن نے اسپیشل سیکشوئل آفنس انویسٹی گیشن یونٹس (SSOIUs) کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق، 28 جولائی 2025 کو جاری ہونے والے اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ SSOIUs کے زیرِ تفتیش مقدمات کا چالان متعلقہ تھانوں کے ایس آئی او (SIO) یا ایس ایچ او (SHO) کریں گے، جہاں مقدمہ درج ہے۔
یہ تمام کارروائی ڈی ایس پی SSOIU کی نگرانی میں ہوگی، جبکہ تفتیش پر آنے والا خرچ متعلقہ ایس آئی او یا ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے فنڈ سے پورا کیا جائے گا۔
آئی جی سندھ نے اس حوالے سے تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد جنسی جرائم کے مقدمات کی تحقیقات میں شفافیت اور بروقت کارروائی یقینی بنانا ہے۔