پاکستان کسٹمز کی کارروائی؛ ایک ارب 15 کروڑ مالیت کی ممنوعہ اشیاء و منشیات تلف
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کے زیر اہتمام بدھ 30 جولائی 2025 کو ضبط شدہ مضر صحت، ممنوعہ، اسمگل شدہ اور زائد المیعاد اشیاء و منشیات کو تلف اور نظر آتش کرنے کی تقریب گڈاپ ٹاؤن میں منعقد ہوئی۔ تقریب پلاٹ نمبر 243 دیھ ناراھا، گڈاپ ٹاؤن میں منعقد کی گئی جس کے مہمانِ خصوصی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی جناب معین الدین احمد وانی تھے۔
تقریب میں ایڈیشنل کلکٹر ہیڈ کوارٹر یاسر کلور، ایڈیشنل کلکٹر (ASO) سید محمد رضا نقوی، ڈپٹی کلکٹرز رابیل کھوکر، شہزاد علی، اسسٹنٹ کلکٹرز بسمہ جتوئی اور یاسر کبیر گجر سمیت مختلف اداروں کے سینئر افسران، سندھ رینجرز، پولیس، حساس اداروں، کاروباری شخصیات اور عمائدین شہر نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا، جس کے بعد محترمہ بسمہ جتوئی نے افتتاحی کلمات میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور انفورسمنٹ کلکٹریٹ کی کامیاب کارروائیوں پر روشنی ڈالی۔
کلکٹر کسٹمز معین الدین وانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ سمندری اور زمینی اسمگلنگ کی روک تھام، معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے اور ملکی صنعت کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گا۔
بعد ازاں، انہوں نے ایک ارب 15 کروڑ روپے مالیت کی ضبط شدہ اشیاء کو تلف کرنے کا افتتاح کیا، جن میں شامل تھیں:
✔ 3969 بوتل غیر ملکی شراب
✔ 408 کین بئیر
✔ 2.316 کلو گرام چرس
✔ 337008 کلوگرام مضر صحت چھالیہ
✔ 26093 کلوگرام انڈین گٹکا
✔ 90509 ڈنڈے غیر ملکی سگریٹس
✔ 48948 کین ایرانی جوس
✔ 53326 کلوگرام چائنیز نمک (اجینو موتو)
✔ 62770 کلوگرام خشک دودھ
✔ 26420 لٹر خوردنی تیل
✔ 4335 کلوگرام خوردنی گھی
مزید براں، زائد المیعاد ادویات، چاکلیٹس، بسکٹس، کیک، کھانے کی اشیاء اور کاسمیٹکس بھی تلف کیے گئے۔
—