کورنگی میں کیش وین ڈکیتی کیس: دو ملزمان گرفتار، 34 لاکھ 78 ہزار روپے برآمد

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)

ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دو روز قبل کورنگی میں کیش وین پر فائرنگ اور ڈکیتی کے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت علی بخش اور پرویز کے نام سے ہوئی ہے۔

 

ایس ایس پی کے مطابق ملزمان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کیش وین سے 97 لاکھ روپے لوٹے تھے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 34 لاکھ 78 ہزار روپے نقد، چھینی گئی آلٹو گاڑی، سیکیورٹی سپروائزر سے چھینا گیا پستول، مزید دو پستول اور 12 اسمارٹ فونز برآمد کیے ہیں۔

 

طارق نواز نے بتایا کہ ملزمان نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ بھی کی تھی جس کے نتیجے میں سیکیورٹی گارڈز سدھیر اور محمد خالق زخمی ہوئے تھے۔ واردات کے بعد ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے ایک شہری سے آلٹو گاڑی بھی چھینی تھی۔

 

ایس ایس پی نے مزید کہا کہ ضلع کورنگی کے تین ایس ایچ اوز نے 24 گھنٹوں کے اندر دو ملزمان کو گرفتار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے یہ واردات دیدار علی جاگیرانی، شوکت علی اور مخبری کرنے والے کاری کے ساتھ مل کر کی تھی۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.