کراچی پولیس چیف کی زیر صدارت کرائم جائزہ اجلاس، منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت کراچی پولیس آفس میں ماہانہ کرائم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں امن و امان، جرائم کی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن، تینوں زونز کے ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی سی آئی اے، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران زونل ڈی آئی جیز اور ڈی آئی جی سی آئی اے نے اپنے اپنے زونز کی کارکردگی رپورٹس پیش کیں، جن میں جرائم کی شرح، پولیس اقدامات، مقدمات کی پیش رفت اور موجودہ چیلنجز کا تفصیلی احاطہ کیا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے مختلف اضلاع میں جرائم کی موجودہ صورتحال اور تفتیشی افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ مقدمات کی مؤثر پیروی اور عدالتوں میں پیش رفت کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیشی نظام کو شفاف اور مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اجلاس کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جہاں ایڈیشنل آئی جی نے زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے مذکورہ عناصر کے خلاف مزید مؤثر اور فوری کارروائی کی ہدایت کی۔
کراچی پولیس چیف نے افسران کو ہدایت کی کہ کومبنگ، اسنیپ چیکنگ اور سرچ آپریشنز کو مزید مؤثر اور منظم بنایا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور شہر میں شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔