کراچی: راشد منہاس روڈ حادثے کی رپورٹ مکمل، ڈمپر کی سنگین غفلت اور حفاظتی اقدامات کی کمی کا انکشاف
کراچی (اسٹاف رپورٹر) — راشد منہاس روڈ پر پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے بہن بھائی اور والد کے زخمی ہونے کے بعد سات ڈمپرز کو نذر آتش کرنے کے واقعے کی تحقیقات مکمل کرلی گئیں۔
ٹریفک پولیس کے خصوصی یونٹ کراچی روڈ ایکسڈنٹ تجزیاتی ٹیم نے جاری رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ 10 اگست کو صبح 3 بج کر 15 منٹ پر گلبرگ ٹریفک سیکشن اور تھانہ یوسف پلازہ کی حدود میں پیش آیا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حادثے کے وقت ڈمپر خالی تھا اور مغرب سے آتے ہوئے یہ ڈرائیور کا تیسرا چکر تھا۔ ڈمپر ڈرائیور نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، جس کے باعث موٹر سائیکل سلپ ہو کر سیدھی طرف سے شدید نقصان کا شکار ہوئی اور سوار ماہ نور اور احمد رضا ڈمپر کے پچھلے ٹائروں تلے آ گئے، جبکہ ان کے والد زخمی ہوئے۔
تحقیقات میں مزید سامنے آیا ہے کہ حادثے سے بچاؤ کے لیے ڈمپر میں کسی قسم کی حفاظتی رکاوٹیں نصب نہیں تھیں، نہ ہی ڈمپرز میں ٹریکر یا اسپیڈ ٹریکنگ ڈیوائس موجود تھی۔ نذر آتش کیے گئے ڈمپرز کا بھی کوئی ٹریکر ریکارڈ نہیں ملا۔
مزید یہ کہ حادثے میں ملوث ڈمپر کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی موجود نہیں تھا، جو قانونی تقاضے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔