کراچی میں الگ الگ ٹریفک حادثات، موٹرسائیکل سوار دو نوجوان جاں بحق

0

 

کراچی: شہر قائد میں نارتھ کراچی سمامہ مال کے قریب اور شارع فیصل نرسری کے قریب پیش آنے والے الگ الگ ٹریفک حادثات میں موٹرسائیکل سوار دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

 

تفصیلات کے مطابق بلال کالونی کے علاقے نارتھ کراچی سمامہ مال کے قریب منگل کی صبح ایک موٹرسائیکل سوار گڑھے میں لگنے سے گر کر شدید زخمی ہوگیا۔ ایدھی ایمبولینس کے ذریعے زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

 

ایدھی ترجمان عظیم کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت 22 سالہ وسیم ولد رفیع کے نام سے ہوئی۔ حادثے میں سر زمین سے ٹکرانے کے باعث نوجوان موقع پر ہی شدید زخمی ہوا۔ متوفی نارتھ کراچی دومنٹ چورنگی کے قریب فائزہ اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھا اور بریانی سینٹر میں نائٹ ڈیوٹی کرتا تھا۔ حادثے کے وقت وہ ڈیوٹی ختم کرکے ناشتہ لینے جا رہا تھا۔ جاں بحق نوجوان کے ورثا نے پولیس کارروائی سے انکار کردیا، جس پر ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔

 

دوسرے واقعے میں فیروز آباد تھانے کی حدود میں شارع فیصل نرسری کے قریب علی الصبح نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک اور موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 22 سالہ سہیل احمد ولد نوید احمد کے نام سے کی گئی۔ لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ حادثے کی ذمے دار گاڑی کی تلاش جاری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.