کراچی: چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر ٹریفک کا خصوصی پلان جاری

0

کراچی، 13 اگست 2025 – ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک کراچی کی جانب سے 20 صفر المظفر 1447 ہجری، بمطابق 15 اگست 2025 بروز جمعہ، چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر مرکزی جلوس اور ٹریفک کے متبادل راستوں سے متعلق تفصیلی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔

 

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔

 

ضلع سینٹرل کے لیے متبادل راستے:

ناظم آباد سے آنے والے شہری لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ کے ذریعے گارڈن کی سمت جا سکیں گے۔ لیاقت آباد سے آنے والے شہری تین ہٹی سے لسبیلہ یا سینٹرل جیل (مارٹن روڈ) کی طرف جا سکتے ہیں۔ حسن اسکوائر سے پی پی چورنگی جانے والے شہری کشمیر روڈ اور شاہراہ قائدین کا استعمال کریں گے۔

 

ضلع ایسٹ کے لیے متبادل راستے:

شاہراہ فیصل سے شاہراہ قائدین کے راستے آنے والے شہری کشمیر روڈ استعمال کریں گے۔ سینٹرل جیل روڈ سے گرومندر جانے والے بہادر یار جنگ روڈ اور سولجر بازار کا روٹ اختیار کریں گے۔

 

ضلع ساؤتھ کے لیے متبادل راستے:

گارڈن اور چڑیا گھر سے آنے والے شہری انکل سریا، گل پلازہ اور کوسٹ گارڈ روڈ سے اپنی منزل تک جا سکیں گے۔

 

ہیوی ٹریفک کے لیے خصوصی ہدایات:

سپر ہائی وے اور گلبرگ سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آنے والی ہیوی ٹریفک کو لیاقت آباد نمبر 10 سے ناظم آباد چورنگی نمبر 2 اور پھر حبیب بینک فلائی اوور کے راستے ماڑی پور کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ نیشنل ہائی وے سے آنے والی ٹریفک شاہراہ فیصل یا راشد منہاس روڈ، اسٹیڈیم روڈ، اور حسن اسکوائر کے ذریعے متبادل روٹ اختیار کرے گی۔

 

ترجمان کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر عام گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا، صرف وہی گاڑیاں داخل ہو سکیں گی جن پر جلوس میں شرکت کا اسٹیکر لگا ہوگا۔ شرکاء، نیاز اور سبیل کی گاڑیوں کے لیے الگ انٹری پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں، جن میں ٹاور، لیاری ایکسپریس وے گارڈن انٹرچینج اور بہادر یار جنگ روڈ شامل ہیں۔

 

ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ جلوس کے روٹ پر کسی بھی قسم کی گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، شہریوں سے اپیل ہے کہ جاری کردہ متبادل راستوں پر عمل کریں اور تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.