جشن ازادی پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا فیصلہ

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) — ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے جشنِ آزادی (معرکہ حق) کے موقع پر شہر بھر میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام زونل ڈی آئی جیز کو سخت احکامات جاری کر دیے۔

پولیس ترجمان کے مطابق، ایڈیشنل آئی جی نے ہدایت کی ہے کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز فوری گرفتاری اور مقدمات کا اندراج کیا جائے، جبکہ ون ویلنگ، ریسنگ اور دیگر خطرناک ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ تفریحی مقامات یا عوامی اجتماعات میں بدنظمی اور نازیبا حرکات کرنے والے افراد کو بھی کسی رعایت کے بغیر گرفتار کر کے مقدمات درج کیے جائیں۔ دہشت گرد یا شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی نے حکم دیا کہ حساس مقامات، عوامی اجتماعات اور اہم تنصیبات پر پولیس گشت اور ناکہ بندی مزید بڑھائی جائے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ جشنِ آزادی کو خوشی، قانون پسندی اور قومی یکجہتی کے ساتھ منائیں، اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ہوائی فائرنگ کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 یا قریبی تھانے کو دیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.