اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کی کاروائی گینگ وار کے دو کارندے گرفتار

0

کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور سی آئی اے پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار گروپ کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایس آئی یو کے مطابق گرفتار ملزمان کو مرزا آدم خان روڈ گارڈن کے علاقے سے حراست میں لیا گیا۔

 

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت طلحہٰ عرف جہانگیر اور داد محمد کے ناموں سے ہوئی ہے، جو لیاری گینگ وار کے بدنام زمانہ ارشد پپو گروپ کے شوٹر اور سرگرم رکن تھے۔ ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور دہشتگردی سمیت سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات درج ہیں۔

 

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم طلحہٰ عرف جہانگیر نے چار سال جیل میں گزارنے کے بعد رہائی پر شاکر بلوچ کے منشیات کے اڈے پر کام شروع کیا جہاں آئس، کرسٹال اور ہیروئن کی آن لائن سپلائی کی جاتی تھی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے آدھا کلو سے زائد آئس اور ہیروئن بھی برآمد کی گئی ہے۔

 

ترجمان نے مزید بتایا کہ طلحہٰ عرف جہانگیر سال 2020 میں چاکیواڑہ میں پولیس انسپیکٹر جاوید پر گرنیڈ حملے میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگئے تھے۔ اسی سال جہان آباد میں قدیر نامی شخص پر بھی فائرنگ کی گئی، جبکہ 2017 میں کلاکوٹ کے علاقے میں عقیل رحمانی پر گرنیڈ حملہ کیا۔ اسی سال پاک کالونی میں حاجرہ نامی خاتون کو قتل کیا گیا، اور 2018 میں جہان آباد میں حفیظ نامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ اس کے علاوہ ملزم سال 2022 میں باروی بلوچ کے اغوا میں بھی ملوث رہا ہے۔

 

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.