کراچی: کرکٹ کھیلنے پر جھگڑا نوجوان کی جان لے گیا
کراچی کے علاقے مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں کرکٹ کھیلنے کے دوران معمولی جھگڑا جان لیوا ثابت ہوا۔
پولیس کے مطابق یکم اگست کو خش علی گوٹھ میں میچ کے دوران عبدالرزاق کا معمولی بات پر عثمان اور عدنان نامی دو بھائیوں سے جھگڑا ہوا۔
جھگڑے کے بعد ملزمان نے عبدالرزاق کے گھر کے سامنے بیٹھے ہوئے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بیس سالہ نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ عبدالرزاق کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ پہلے ہی درج ہے اور اب اس میں قتل کی دفعات شامل کی جارہی ہیں، تاہم فائرنگ کے بعد فرار ہونے والے ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔
عبدالرزاق کی ہلاکت کے بعد مقتول کے ورثا اور اہل علاقہ نے تھانے کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے لاش کے ہمراہ دھرنا دیا اور ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبہ درج تھا: "عبدالرحمن کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے”۔
پولیس کے مطابق احتجاج کرنے والوں کو مذاکرات کے ذریعے منتشر کیا گیا اور مظاہرین کو یقین دہانی کرائی گئی کہ جلد ملزمان پولیس کی گرفت میں ہوں گے۔ احتجاج ختم ہونے کے بعد ابو الحسن اصفہانی روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔