کراچی: پولیس اور رینجرز کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں، متعدد گرفتار

0

کراچی میں پولیس اور رینجرز نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرلیا۔

 

تفصیلات کے مطابق فقیرہ گوٹھ سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا میں پولیس نے فائرنگ کے واقعے کے بعد ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ کی نگرانی میں ہونے والے آپریشن میں سہراب گوٹھ ڈویژن کے تمام تھانوں کی بھاری نفری شریک رہی۔ پولیس نے علاقے میں گھر گھر تلاشی لی اور مشکوک افراد کو تلاش ڈیوائس کے ذریعے چیک کیا۔ کارروائی کا مقصد فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری بتایا گیا ہے۔

 

ادھر پاکستان رینجرز (سندھ) نے شاہ فیصل کالونی نمبر چار کے علاقے ناتھا خان گوٹھ سے محمد وسیم ولد محمد اقبال کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم متعدد ڈکیتی وارداتوں میں ملوث ہے اور سات اگست کو شاہ فیصل کالونی میں ہونے والی ڈکیتی میں بھی شریک رہا۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ رینجرز نے ملزم کو برآمد شدہ موبائل فون سمیت مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا۔

 

دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایسٹ کی بہادر آباد پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث دو ملزمان کو دھر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹرسائیکل نمبر KIB-3817 برآمد ہوئی، جو تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود سے چوری کی گئی تھی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت روبی ولد عرفان اور امان ولد نعیم کے ناموں سے ہوئی ہے۔ واقعے کا مقدمہ نمبر 359/2025 دفعہ 381A کے تحت درج کرکے ملزمان کو اے وی ایل سی کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ ان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ کی جانچ بھی کی جارہی ہے۔

 

قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.