بن قاسم اور ڈیفنس میں فائرنگ ایک۔ پولیس اہلکار جان بحق ایک زخمی

0

کراچی کے علاقے بن قاسم میں فائرنگ سے پولیس اہلکار متیرو خان شہید ہوگیا۔

ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق واقعہ ابتدائی طور پر ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔ پولیس اہلکار ڈیوٹی ختم کر کے گھر جا رہا تھا کہ تین مسلح افراد نے تعاقب کے بعد فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے شہید اہلکار کے گھر جاکر ورثا سے اظہار یکجہتی کرنے کی بھی ہدایت دی۔

 

شہید پولیس اہلکار متیرو خان شاہ لطیف ٹاؤن میں تعینات تھا۔ اہلخانہ کے مطابق متیرو خان کی بن قاسم میں رہائش تھی، ان کے تین بیٹیاں اور چھ بیٹے ہیں۔ انسپکٹر مٹھل برگری نے بتایا کہ متیرو خان ان کے بہنوئی تھے اور ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔

 

ادھر کراچی کے علاقے ڈیفنس میں بھی فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا جس میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ زخمی اہلکار سیاسی رہنما کے بھائی کے گھر کی سیکیورٹی پر مامور تھا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر وائرل ایک پوسٹ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے دونوں واقعات کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، تاہم اس کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.