وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لانجرا کے نام سے جعلی فیس بک اکاؤنٹ کا انکشاف، سائبر کرائم ایجنسی کو کارروائی کی ہدایت

0

کراچی: صوبائی وزیر داخلہ، قانون، پارلیمانی امور و کریمنل پروسیکیوشن سندھ ضیاء الحسن لانجرا کے نام سے جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔

 

ہوم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کو کارروائی کی باقاعدہ درخواست بھیج دی گئی ہے۔

 

جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیر کے نام سے بنائے گئے جعلی اکاؤنٹ پر بغیر اجازت سرگرمیاں کی جا رہی ہیں، جو سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ مراسلے کے مطابق جعلی اکاؤنٹ کی کاپی بھی ریفرنس کے طور پر منسلک کی گئی ہے۔

 

دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ عمل PECA آرڈیننس 2016 کے تحت سنگین جرم ہے، خاص طور پر سیکشن 16 (شناختی معلومات کا غیر مجاز استعمال)، سیکشن 20 (عزت نفس کو ٹھیس پہنچانا) اور سیکشن 25 (اسپیم و غیر مجاز استعمال) کی خلاف ورزی ہے۔

 

خط میں NCCIA سے فوری کارروائی، جعلی اکاؤنٹ بند کرنے اور رپورٹ جلد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.