کراچی گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی حکومت کو 48 گھنٹے کی مہلت، ملک گیر ہڑتال کی وارننگ

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے کشمور کے قریب موٹروے پر فائرنگ اور ڈرائیوروں کے اغوا کے واقعات کے خلاف ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت کو 48 گھنٹوں کی مہلت دے دی ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ اگر اغوا ہونے والے ڈرائیور بازیاب نہ ہوئے اور تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی جس سے ادویات سمیت اشیائے ضروریہ کی ترسیل بھی رک جائے گی۔

 

ماڑی پور ٹرک اڈا کے قریب پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ کشمور کے قریب فائرنگ کے تازہ واقعے نے ٹرانسپورٹ برادری کو شدید بے چینی میں مبتلا کر دیا ہے۔ ان کے مطابق رات کے وقت گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس سے کئی ٹائر تباہ ہو گئے۔ ایک جوڑی ٹائر کی قیمت ایک لاکھ 80 ہزار روپے ہے جبکہ ایک گاڑی میں گیارہ جوڑیاں لگی ہوتی ہیں، جس سے کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔

 

ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کی سرمایہ کاری داؤ پر لگی ہے لیکن حکومت تحفظ دینے میں ناکام ہے۔ سیکرٹری ایسوسی ایشن ندیم ارائین نے الزام عائد کیا کہ بارڈر ایریاز اور چیک پوسٹوں پر حکام کی جانب سے بھتہ وصولی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔

 

قائم مقام صدر کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس صرف چالان کرنے میں مصروف ہے، لیکن سیکیورٹی دینے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ڈرائیور بازیاب نہ ہوئے تو ٹرانسپورٹ برادری احتجاجاً ملک گیر ہڑتال کرے گی۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.