لیمن گوٹ میں خواجہ سراؤں کے تہرے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا پوسٹ مارٹم مکمل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)
سپر ہائی وے میمن گوٹھ تھانے کی حدود میں تین خواجہ سراؤں کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ مقتولین کے گرو ظفر کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج ہوا ہے۔
مدعی کے مطابق خواجہ سرا کمیونٹی کے افراد ایک ہی علاقے میں مختلف کمروں میں رہائش پذیر تھے۔ انہیں واٹس ایپ کے ذریعے اطلاع ملی کہ ان کے ساتھی الیکس ریاست، محمد جیئل اور ایک نامعلوم خواجہ سرا کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شناخت شدہ مقتولین کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔ واقعے کو ہائی پروفائل کیس کے طور پر لیا گیا ہے اور قاتلوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مقتولین کی گولیوں سے چھلنی لاشیں اتوار کی دوپہر ناگوری سوسائٹی کے قریب جھاڑیوں سے برآمد ہوئی تھیں، جبکہ واقعے کے خلاف خواجہ سرا برادری نے جناح اسپتال میں احتجاج بھی کیا تھا۔