کراچی: ٹریفک پولیس اور پاکستان پوسٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
کراچی میں سینٹرل پولیس آفس میں ایک اہم تقریب کے دوران ٹریفک پولیس اور پاکستان پوسٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس نظام کے تحت کراچی میں فیس لیس ای چالان پاکستان پوسٹ کے ذریعے شہریوں کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے کہا کہ آج کی تقریب آئی جی سندھ کے وژن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس منصوبے پر کئی ماہ کام کیا گیا اور موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترامیم کرائی گئیں۔ حکومت سندھ کی اجازت سے پاکستان پوسٹ کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے، جس کے بعد شہریوں کو ای ٹکٹنگ کا جدید اور شفاف نظام میسر ہوگا۔
پوسٹ ماسٹر جنرل سندھ منظور احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اقدام نہ صرف عوام کو سہولت فراہم کرے گا بلکہ اداروں کے درمیان روابط کو بھی فروغ دے گا۔ پاکستان پوسٹ کا وسیع نیٹ ورک اس نظام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے پولیس کا امیج اور کارکردگی دونوں بہتر ہوں گے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ سندھ پولیس ٹیکنالوجی کی بنیاد پر نئے اقدامات کر رہی ہے اور آج پاکستان پوسٹ کے ساتھ ایم او یو اس کی مثال ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس برانچز میں بھی یہی نظام فعال ہے جسے عوام نے مثبت انداز میں سراہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ٹیکنالوجی کا سہارا نہیں لیا جائے گا عوامی شکایات ختم نہیں ہوں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس ویری فکیشن کے نظام، تلاش ایپ اور جدید آئی ٹی اقدامات کے ذریعے ایک سال میں 10 ہزار سے زائد مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد کو گرفتار کیا گیا۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ اس نئے ای چالان سسٹم کے نفاذ سے ٹریفک کے نظام میں بہتری اور کرپشن کے خاتمے کی راہ ہموار ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں کچھ مسائل ضرور آئیں گے لیکن وقت کے ساتھ سسٹم مزید بہتر ہو گا۔ انہوں نے میڈیا سے تعاون کی اپیل کی اور بتایا کہ کوشش ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ اس منصوبے کا افتتاح کریں۔